کراچی : پاکستان نے بین الاقوامی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کی بحالی کا مشن مکمل کر لیا۔
SEA-ME-WE یعنی ساؤتھ ایسٹ ایشیا – مڈل ایسٹ – ویسٹرن یورپ 6 نامی جدید ترین سب میرین فائبر آپٹک کیبل اب باقاعدہ طور پر دوبارہ فعال ہو چکی ہے، جو پاکستان کو براہِ راست ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ سے منسلک کرتی ہے۔
یہ جدید کیبل سسٹم تیز ترین انٹرنیٹ، مضبوط ڈیٹا سیکیورٹی، اور کم لیٹنسی کے ساتھ پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
SEA-ME-WE 6
کی شمولیت سے پاکستان کی بین الاقوامی بینڈوڈتھ کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم کیبل کی مکمل فعالیت سے ٹیلی کام، آئی ٹی ایکسپورٹس، فنانشل سروسز، آن لائن ایجوکیشن اور ڈیجیٹل گورننس جیسے اہم شعبوں کو درپیش مشکلات کم ہونگیں۔

پاکستان اس بین الاقوامی منصوبے میں کئی دیگر ممالک کے ساتھ شریک ہے، جس میں سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، فرانس اور اٹلی جیسے ممالک شامل ہیں۔
اس جدید کیبل کا لینڈنگ پوائنٹ پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں قائم ہے، جہاں سے یہ ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کے بڑے نیٹ ورکس کو سپورٹ فراہم کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق، یہ سب میرین کیبل پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو نئی جہت اور عالمی منڈیوں تک بلا تعطل ڈیٹا رسائی کو ممکن بناتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت کی جانے والی کوششوں کا ایک اہم سنگ میل ہے، جو ملک کو ریجنل ڈیجیٹل حب میں تبدیل کرنے کے لیے بنیاد فراہم کرتا ہے۔