متنازع شو عدالت کے کٹہرے میں پہنچ گیا

ممبئی: سابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) افسر سمیعیر وانکھیڑے نے ویب سیریز دی بیڈز آف بالی ووڈ کے خلاف 2 کروڑ روپے کا ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اس شو میں ان کی کردار کشی کی گئی ہے جس سے ان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

وانکھیڑے، جو 2021 میں آریان خان ڈرگ کیس کے دوران ملک گیر شہرت حاصل کر چکے تھے، نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ سیریز میں انہیں بدعنوان اور شہرت کے بھوکے افسر کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو حقائق کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شو نے نہ صرف ان کے کیریئر بلکہ ان کی خاندانی زندگی کو بھی متاثر کیا ہے۔

درخواست میں 2 کروڑ روپے ہرجانے کے ساتھ ساتھ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ پلیٹ فارمز کو سیریز ہٹانے یا اس کے مواد میں ترمیم کرنے کا حکم دیا جائے۔

شو کے پروڈیوسرز کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کے مطابق وہ اسے ’’عوامی ریکارڈ پر مبنی تبصرہ‘‘ قرار دے کر دفاع کی تیاری کر رہے ہیں۔ مقدمے کی آئندہ سماعت رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں