پی ٹی اے نے وائی فائی 7 کی منظوری دے دی، پاکستان ایشیا پیسیفک کے اولین ممالک میں شامل

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وائی فائی 7 اور مستقبل کی وائی فائی جنریشنز کو 6 گیگا ہرٹز بینڈ (5925–6425 MHz) میں متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل پی ٹی اے نے وائی فائی 6E کی اجازت دی تھی۔ اس اقدام کے بعد پاکستان ایشیا پیسیفک خطے میں نئی وائرلیس ٹیکنالوجی اپنانے والے ابتدائی ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔

وائی فائی 7 انتہائی تیز رفتار انٹرنیٹ، کم سے کم لیٹنسی اور زیادہ قابل بھروسہ کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا۔ یہ ٹیکنالوجی 8K ویڈیو اسٹریمنگ، آگمینٹڈ اور ورچوئل ریئلٹی، انڈسٹریل آٹومیشن اور اسمارٹ سٹی منصوبوں کے لیے موزوں قرار دی جا رہی ہے۔ اس کے ذریعے پرانے بینڈز پر دباؤ کم ہوگا اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے اخراجات بھی کم ہوں گے، جس سے گھریلو صارفین، ایس ایم ایز، تعلیمی ادارے، اسپتال اور دیگر ڈیجیٹل نیٹ ورکس مستفید ہوں گے۔

پی ٹی اے نے کہا ہے کہ یہ قدم ملک میں ڈیجیٹل ڈیوائیڈ ختم کرنے، نیٹ ورک ریزیلینس بڑھانے اور شمولیتی ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھانے کے عزم کا حصہ ہے۔

ادھر، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شازہ فاطمہ خواجہ نے کراچی ایکسپو سینٹر میں 26ویں آئی ٹی سی این ایشیا ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت آئندہ چند ماہ میں سات بڑے شہروں میں 5G سروسز شروع کرنے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5G کے نفاذ میں مالی مشکلات ضرور ہیں، تاہم ملک بھر میں زیادہ مستحکم اور تیز رفتار انٹرنیٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ پاک۔سعودی معاہدہ پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط اور معیشت کو تیز رفتاری سے ترقی دے گا۔

شازہ فاطمہ نے معاشی بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، مہنگائی کم ہو رہی ہے اور معاشی اشاریے استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا: “کراچی ملک کی معاشی ترقی کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں