دبئی – ایشیا کپ 2025 کے فائنل سے ایک روز قبل پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے دبنگ اور پُراعتماد لہجے میں اعلان کیا کہ ٹیم کا واحد مقصد ایشیا کپ جیتنا ہے۔
انہوں نے دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: “ہمارا ہدف صرف اور صرف ٹرافی ہے۔ ہم کسی بیرونی دباؤ کی پرواہ نہیں کرتے۔”
پاک بھارت میچ کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ دونوں ٹیمیں یکساں دباؤ میں ہیں۔
“یہ ایک بڑا مقابلہ ہے، لیکن وہی ٹیم جیتے گی جو کم غلطیاں کرے گی۔ ہماری کوشش یہی ہے کہ فائنل میں غلطیوں کو کم سے کم کیا جائے۔”
مصافحے کے تنازع پر سلمان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “یہ کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ہے۔ ماضی میں تعلقات کشیدہ رہے مگر مصافحے کی روایت کبھی ترک نہیں ہوئی۔ میرے والد بھی اسے کھیل کو جوڑنے کی علامت سمجھتے تھے۔”
بھارتی میڈیا کی مسلسل تنقید پر کپتان کا دوٹوک جواب تھا: “ہم پرواہ نہیں کرتے وہ کیا کہتے ہیں۔ ہماری توجہ صرف کھیل اور ٹرافی پر ہے۔”
اپنی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ اسٹرائیک ریٹ میں بہتری کی ضرورت ہے، مگر ساتھ یہ بھی کہا کہ وہ ہر میچ کے ساتھ بہتری کی کوشش کر رہے ہیں۔
سلمان نے نوجوان بیٹر سائم ایوب پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “وہ پاکستان کا اگلے دس برس کا ستارہ ہیں۔ بیٹنگ کے مسائل عارضی ہیں، لیکن وہ اپنی فیلڈنگ اور بولنگ سے پہلے ہی نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔”
بھارت کی ممکنہ بائیکاٹ دھمکی پر کپتان نے کہا: “ہم قوانین کے مطابق تیار ہیں۔ آنا چاہتے ہیں تو آئیں، نہیں آنا چاہتے تو یہ ان کا فیصلہ ہے۔”
آخر میں جذباتی انداز اپناتے ہوئے انہوں نے کہا: “جارحانہ کھیل کرکٹ کا حصہ ہے، خاص طور پر فاسٹ بولرز کے لیے۔
میدان کے باہر کیا ہوتا ہے اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہمارا مقصد صرف جیت ہے اور ہم ٹرافی پاکستان لانے کے لیے پرعزم ہیں۔”
پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کل دبئی میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوگا۔ شائقین کرکٹ اس بڑے ٹاکرے کے شدت سے منتظر ہیں۔