پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں جگہ بنا لی

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سپر فور کے اہم میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 135 رنز بنائے۔ مشکل حالات میں محمد حارث نے 31 اور محمد نواز نے 25 قیمتی رنز جوڑے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 19 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کے ٹاسکن احمد تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 20 اوورز میں 124 رنز تک محدود رہی۔ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شمیم حسین 30 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔

میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے والے شاہین آفریدی نے کہا کہ ابتدائی اوورز میں ملنے والی کامیابیاں فیصلہ کن ثابت ہوئیں۔ کپتان سلمان علی آغا نے ٹیم کی جیت کو زبردست کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا اور محمد حارث کو “خاص کھلاڑی” قرار دیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں