اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے مقدمات میں فیصلے پہلے سے لکھے جاتے ہیں اور عدلیہ اس وقت قانون کے بجائے ایک “سکرپٹ” پر چل رہی ہے۔
اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ انہیں بار بار ڈیل کی آفر ہوئی، کہا گیا کہ اگر وہ ملک چھوڑ دیں یا خاموش ہو جائیں تو ان کے مقدمات ختم کر دیے جائیں گے۔ “لیکن میرا مؤقف پہلے دن سے واضح ہے کہ میں مقدمات کا سامنا عدالتوں میں کروں گا، کسی ڈیل کے ذریعے نہیں،” انہوں نے کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان پر 300 بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں، جبکہ توشہ خانہ کیس بھی زمین بوس ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ استغاثہ کے گواہان بریگیڈیئر احمد اور کرنل ریحان نے عدالت میں تسلیم کیا کہ تحائف ان کے گھر نہیں گئے بلکہ توشہ خانہ میں جمع کرائے گئے اور تمام کاغذات مکمل تھے۔
عمران خان کے مطابق یہ مقدمہ ایک ہی دن میں ختم ہو جانا چاہیے، جبکہ بشریٰ بی بی کی ضمانت بھی ہونی چاہیے کیونکہ ان پر صرف “جھوٹا الزام” لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے آئین اور قانون کے مطابق نہیں بلکہ ایک سکرپٹ کے مطابق سنائے جا رہے ہیں۔ “ترتیب یہ رکھی گئی ہے کہ پہلے توشہ خانہ میں سزا سنائی جائے گی پھر القادر کیس میں ضمانت دی جائے گی،” عمران خان نے الزام لگایا۔
پی ٹی آئی کے بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھی بدھ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان بیانات کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کی سماعت بار بار مؤخر کی جاتی ہے اور شروع دن سے عمران پر ملک چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا، لیکن انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ تمام مقدمات کا سامنا کریں گے۔
علیمہ نے جیل ٹرائل میں بے ضابطگیوں کا بھی الزام عائد کیا اور کہا کہ ایک گواہ کو جھوٹا ثابت کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کی فوری ضمانت کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی تیرہ میں نوجوانوں کی شہادت پر عمران خان کے دکھ کا بھی ذکر کیا۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد کہا کہ پائیدار امن کے لیے خیبر پختونخوا اور خطے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ بٹھانا ضروری ہے۔
“لوگوں کو قتل کرنے یا بم دھماکوں سے امن قائم نہیں ہو سکتا،” انہوں نے کہا، مزید بتایا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اس حوالے سے پیغام بھیجا ہے۔
علاوہ ازیں، سعودی عرب کے 95ویں یوم آزادی کے موقع پر پی ٹی آئی نے اپنے بانی چیئرمین کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حال ہی میں ہونے والے اسٹریٹجک ڈیفنس میوچوئل ایگریمنٹ (SDMA) کو بھی سراہا گیا۔