خیبر پختونخوا وائلڈ لائف نے ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ سے 19 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی

خیبر پختونخوا وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے 2025-26 سیزن کے لیے 39 ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ کی نیلامی سے 19 لاکھ 13 ہزار 842 امریکی ڈالر کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، چار ایکسپورٹ ایبل مارخور پرمٹ سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوئے جن سے 9 لاکھ 46 ہزار ڈالر حاصل ہوئے۔ اس کے علاوہ نو نان ایکسپورٹ ایبل مارخور پرمٹ سے 5 لاکھ 53 ہزار 300 ڈالر، 20 آئی بیکس پرمٹ سے 16 ہزار 42 ڈالر جبکہ چھ گرے گورل پرمٹ سے 3 لاکھ 98 ہزار 500 ڈالر کی آمدنی ہوئی۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے وائلڈ لائف، پیر مسرور خان نے بتایا کہ پہلی بار گرے گورل پرمٹ متعارف کرایا گیا، جس سے آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حاصل ہونے والی رقم کو جنگلی حیات کے تحفظ اور مقامی کمیونٹیز کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے چنکارا، اڑیال اور بلیک بَک کی نسل بڑھانے کے لیے ری وائلڈنگ پروگرام بھی شروع کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں