بالی وڈ کی مقبول جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل نے آخرکار اپنی پہلی اولاد کی آمد کی تصدیق کر دی ہے، یوں مداحوں کے دیرینہ اندازوں کو حقیقت کا رنگ مل گیا۔
منگل کے روز دونوں نے انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا۔ کترینہ، جن کی عمر 42 سال ہے، نے ایک جذباتی پیغام کے ساتھ پولرائیڈ تصویر شیئر کی جس میں وکی کوشل (37 سالہ) اپنی اہلیہ کے نمایاں حمل کو پیار سے تھامے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا: “ہم اپنی زندگی کے سب سے خوبصورت باب کا آغاز کر رہے ہیں، دل خوشی اور شکر گزاری سے بھرے ہیں”۔ یہ پیغام سامنے آتے ہی مداحوں اور فلمی ستاروں کی جانب سے مبارکبادوں اور نیک خواہشات کا تانتا بندھ گیا۔
ذرائع کے مطابق کترینہ اپنی تیسری سہ ماہی میں ہیں اور بچے کی پیدائش کا امکان 15 سے 30 اکتوبر کے درمیان ہے۔
یاد رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے دسمبر 2021 میں راجستھان کے فورٹ برورا میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ اب ان کی خوشخبری بالی وڈ کے مداحوں کے لیے سال کی سب سے بڑی خوشی بن گئی ہے۔