ایف بی آر نے 57 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر کے 57 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا ہے تاکہ ٹیکس چوری کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ ذرائع کے مطابق بیشتر جیولرز اپنی اصل آمدن کم ظاہر کرتے ہیں تاکہ واجب الادا ٹیکس سے بچ سکیں۔

ان میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں جبکہ صرف 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن جمع کروایا ہے۔ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے جیولرز کی فہرست تیار کی گئی ہے اور انہیں وضاحت کے لیے نوٹسز بھیجے جارہے ہیں۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق متعدد جیولرز کی ظاہر کردہ آمدن ان کے کاروبار کے حجم، دکانوں، لین دین اور طرزِ زندگی سے میل نہیں کھاتی۔ ہزاروں کاروبار تو ٹیکس نیٹ میں شامل ہی نہیں ہیں۔ جو جیولرز متوقع ٹیکس سے کم ادا کررہے ہیں، ان سے باضابطہ نوٹسز کے ذریعے جواب طلب کیا جارہا ہے۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ تمام شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جارہا ہے اور کسی تاجر یا صنعتکار کو بلاجواز نوٹس نہیں دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا: “اگر ہر شہری ایمانداری سے اپنا جائز ٹیکس ادا کرے تو ملک کا نظام بہتر طریقے سے چل سکتا ہے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں