ایشیا کپ میں پاک-بھارت ٹاکرا: پری میچ پریس کانفرنس منسوخ

دبئی: پاکستان نے ہفتہ کے روز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ سے قبل طے شدہ پریس کانفرنس منسوخ کر دی۔ ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے مختصر بیان میں کہا: “پاکستان آج اپنی پری میچ پریس کانفرنس نہیں کرے گا۔”

اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ ہائی وولٹیج مقابلہ ایک بار پھر تجربہ کار ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی نگرانی میں کھیلا جائے گا۔ پائیکرافٹ اس سے قبل 14 ستمبر کو گروپ میچ کے دوران تنازع کا سبب بنے تھے جب انہوں نے دونوں کپتانوں — پاکستان کے سلمان علی آغا اور بھارت کے سوریا کمار یادو — کو ٹاس پر روایتی مصافحے سے گریز کرنے کی ہدایت دی تھی۔

پی سی بی نے اس معاملے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو پائیکرافٹ کو ہٹانے کی درخواست دی تھی، تاہم آئی سی سی نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا۔ بعد ازاں پائیکرافٹ نے پاکستان کے کپتان اور مینجمنٹ سے معافی مانگی جس کے بعد تنازع وقتی طور پر ختم ہوا۔

گروپ مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا پہلا ٹاکرا پہلے ہی کشیدگی میں گھرا ہوا تھا کیونکہ دونوں ممالک چند ماہ قبل چار روزہ جھڑپ میں آمنے سامنے آچکے تھے جس میں 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اس میچ میں بھی بھارتی کھلاڑیوں نے ٹاس اور اختتام پر ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا جبکہ بھارتی کپتان نے جیت کو پاہلگام حملے سے جوڑ کر مزید تنازع کھڑا کر دیا۔

پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنائی جہاں اب بھارت کے ساتھ اتوار کو اہم مقابلہ ہوگا۔ بھارت نے اپنے تینوں گروپ میچ جیتے جبکہ سری لنکا اور بنگلہ دیش گروپ ’بی‘ سے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ٹیم کی حکمتِ عملی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بڑی اسکورنگ پر توجہ دینا ہوگی اور نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کلیدی ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں