اسلام آباد: پاکستان اور ایتھوپیا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور ادارہ جاتی روابط کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفیر و خصوصی ایلچی ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ) حمید اصغر خان کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کے تمام پہلوؤں پر غور کیا، جن میں امن و سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی، ہوابازی، تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور سیاحت شامل ہیں۔
ڈاکٹر جمال بیکر نے پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔ انہوں نے گرینڈ ایتھوپیئن رینیسنس ڈیم کے افتتاح کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور خطے میں ایتھوپیا کے کردار کو اجاگر کیا، بالخصوص ماحولیاتی ایجنڈے کی قیادت اور وسائل کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ شیئر کرنے کے حوالے سے۔
ایڈیشنل سیکریٹری حمید اصغر خان نے ایتھوپیا کے علاقائی انضمام میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی سفارتکاری دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کلید ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان اپنی “لک افریقہ” اور “انگیج افریقہ” پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔
ملاقات میں ایڈیشنل سیکریٹری نے سفیر کو آئندہ پاکستان-افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری ایگزیبیشن کے حوالے سے بریفنگ بھی دی، جو 16 سے 18 اکتوبر 2025 کو ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں منعقد ہوگی۔