اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا 16واں اجلاس ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا، جس میں بورڈ ممبران اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہری سہولت، صحت، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔
بورڈ نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے قبر کھدائی اور میت بس کے چارجز معاف کرنے کی منظوری دی جبکہ اسلام آباد کے قبرستانوں کو مزید میت بسیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔
اجلاس میں کیپیٹل ہسپتال کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز منظور ہوئیں۔ انسٹیٹوشنل بیسڈ پرائیویٹ پریکٹس (IBPP) کے تحت فیسوں پر نظرِ ثانی اور ہسپتال کو ڈیجیٹائزڈ، کیش لیس سسٹم پر منتقل کرنے کے لیے جدید کمپیوٹرز اور آلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چیئرمین نے واضح کیا کہ آمدن کو براہِ راست مریضوں کی سہولت اور ہسپتال کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا۔
سی ڈی اے انٹرن شپ پالیسی 2025 کے تحت پاکستان کی اعلیٰ جامعات کے فارغ التحصیل طلبہ کو میرٹ پر انٹرن شپ دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ادارے کو جدید مہارتوں سے آراستہ افرادی قوت میسر آسکے۔
مزید برآں، اجلاس میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب اے این ایف آفس اور اسلام آباد میں نئے پولیس اسٹیشن کے قیام کی منظوری دی گئی۔ سیکٹر F-10 کی سروس روڈ ایسٹ کا نام قومی ایتھلیٹ کے اعزاز میں “ارشد ندیم روڈ” رکھنے کی تجویز وفاقی حکومت کو ارسال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے آر ڈبلیو ایم سی کے ساتھ معاہدے کی توسیع اور لینڈ فل سائٹ کے استعمال کی منظوری دی گئی، جبکہ ادارے کے گریڈ 15 اور 16 کے اسسٹنٹ ملازمین کی اپ گریڈیشن فنانس ڈویژن رولز کے مطابق کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
چیئرمین محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے شفافیت، احتساب اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔