پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ، اسٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں پر

کراچی: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1,775 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 157,953 پر بند ہوا، جو مارکیٹ کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

سرمایہ کاروں کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان الیمامہ پیلس ریاض میں ہونے والے معاہدے نے سرمایہ کاری کے اعتماد کو نئی تقویت بخشی ہے۔ معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ دوسرے ملک پر حملہ تصور ہوگا، جبکہ دفاعی تعاون کے مزید پہلوؤں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دفاعی اتحاد سے نہ صرف پاکستان کی سکیورٹی پوزیشن مضبوط ہوگی بلکہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر اویس اشرف کے مطابق: “یہ معاہدہ سرمایہ کاروں کے لیے واضح پیغام ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کو مزید بڑھانے جا رہا ہے۔”

دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کی بنیاد 1960 کی دہائی میں رکھی گئی تھی، تاہم 1979 کے واقعۂ مسجد الحرام کے بعد پاکستانی افواج کی شمولیت سے یہ تعلقات مزید گہرے ہوئے۔ 1982 میں باضابطہ سکیورٹی معاہدہ ہوا جس کے بعد کئی دہائیوں تک ہزاروں پاکستانی فوجی سعودی عرب میں تعینات رہے۔

حالیہ معاہدہ اس تعاون کو نئی سطح پر لے گیا ہے، جس کا مقصد مشترکہ دفاعی حکمتِ عملی کے ذریعے خطے میں امن و استحکام قائم رکھنا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، اس پیش رفت کے اثرات نہ صرف سکیورٹی بلکہ معیشت اور لیبر مارکیٹ پر بھی مثبت انداز میں ظاہر ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں