انسدادِ دہشت گردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی درخواست پر سماعت

راولپنڈی – انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں پیر کے روز بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

جج امجد علی شاہ کی عدالت میں جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا گزشتہ 21 ماہ کے دوران 31 مرتبہ طبی معائنہ کیا گیا، جن میں سے تین مواقع پر ان کے ذاتی معالجین بھی موجود تھے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں کے سینئر ڈاکٹرز معائنہ کرتے رہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈاکٹروں کی تجویز کردہ تمام سہولیات جیل ہسپتال میں میسر ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو وقتاً فوقتاً دانت درد، کندھے اور پاؤں میں درد، اور ہاضمے کی خرابی جیسی شکایات ہوئیں، جن پر علاج فراہم کیا گیا۔ آخری معائنہ 29 اگست کو آنکھوں کے حوالے سے کیا گیا۔

پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو سرکاری سطح پر اعلیٰ ترین علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ تاہم، ان کے وکلا نے میڈیکل رپورٹ پر دلائل کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔

عدالت نے طبی معائنے کی درخواست پر سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ نومبر احتجاج کے سات مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں کی سماعت بھی اسی تاریخ تک مؤخر کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں