ایف سی ہیڈ کوارٹر پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے اصولی طور پر فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کا ہیڈ کوارٹر پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ہیڈ کوارٹر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کی۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، کمانڈنٹ اور ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت میں فوری طور پر ایف سی ہیڈ کوارٹر کے قیام کے لیے موزوں زمین کی نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زمین کا انتخاب کرتے وقت ہیڈ کوارٹر کی ضروریات اور تربیتی سہولیات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ایک منظم اور چوکنا فورس بنایا جائے گا تاکہ نئے سکیورٹی تقاضوں سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ نئے ہیڈ کوارٹر کا جامع ماسٹر پلان فوری طور پر تیار کیا جائے تاکہ منصوبے پر جلد از جلد عملدرآمد شروع کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں