پنجاب میں سیلابی ریلوں سے کشتی حادثات، 22 جاں بحق، 23 محفوظ

بہاولنگر، جلالپور پیروالا اور لیاقت پور میں طوفانی سیلابی ریلوں کے باعث پیش آنے والے کشتی حادثات میں کم از کم 22 افراد جاں بحق جبکہ 23 کو زندہ بچا لیا گیا، حکام اور ریسکیو ذرائع نے جمعرات کو تصدیق کی۔

لیاقت پور کے علاقے نوروالا میں ایک ریسکیو کشتی 28 افراد کو لے کر جا رہی تھی کہ تیز دھارے کی زد میں آ کر الٹ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے 13 افراد کو بحفاظت نکال لیا تاہم 8 افراد ڈوب گئے جن میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل تھے۔ باقی لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

جلالپور پیروالا کے موہانہ سندیلا علاقے میں ایک اور کشتی الٹنے سے 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حکام کے مطابق تمام لاشیں نکال لی گئیں جن میں پانچ بچے، ایک خاتون اور تین مرد شامل تھے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عرفان، عاصمہ، ارم، فیضان، زاہد، سلمان، شگفتہ بی بی، جاوید اور عابد کے ناموں سے ہوئی۔ المناک پہلو یہ تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں چار بہن بھائی بھی شامل تھے۔ اس واقعے میں ایک روز قبل 28 افراد پھنس گئے تھے جن میں سے 19 کو بچا لیا گیا تھا۔

بہاولنگر میں ایک کشتی، جو امدادی سامان اور 20 افراد کو لے کر جا رہی تھی، بھی الٹ گئی۔ خوش قسمتی سے تمام افراد نے لائف جیکٹس پہن رکھی تھیں جس کے باعث وہ محفوظ رہے، تاہم مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ مزید دو افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ اسی ضلع کے واہی سندیلا علاقے میں ایک اور کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق تیز دھارے اور بڑھتے ہوئے پانی کے باعث امدادی سرگرمیاں سخت متاثر ہو رہی ہیں جبکہ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی تلاش میں پریشان ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں