وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد کی ضلعی و سیشن عدالت نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یہ مقدمہ اسلحہ اور شراب کی برآمدگی سے متعلق ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر علی چشتی نے وارنٹ جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے 17 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

سماعت کے آغاز پر وزیراعلیٰ کا کوئی نمائندہ موجود نہ تھا۔ بعدازاں ان کے وکیل راجہ ظہورالحسن عدالت میں پیش ہوئے اور وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا کی۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اگر ملزم عدالت میں پیش ہو جائے تو وارنٹ منسوخ کر دیے جائیں۔

جج مبشر علی چشتی نے ریمارکس دیے کہ ’’ملزم کو پیش کریں، میں وارنٹ منسوخ کر دوں گا‘‘۔

وکیل نے کہا کہ وارنٹ کی خبر میڈیا پر چلنے سے ان کے مؤکل کی پہلے ہی سبکی ہو چکی ہے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ میڈیا کو میں کیا کہہ سکتا ہوں، اگر آپ کے کسی جونیئر وکیل نے تاریخ لے لی ہوتی تو مقدمہ رکھ دیا جاتا۔

عدالت نے وکیل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم دیا اور آئندہ سماعت 17 ستمبر مقرر کر دی۔ یہ مقدمہ تھانہ بھارہ کہو میں درج کیا گیا تھا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو نامزد کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں