پاکستان بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار ہفتہ کے روز شدید متاثر ہوئی جب جدہ کے قریب سعودی پانیوں میں زیرِ سمندر کیبلز میں کٹ لگنے کی اطلاع ملی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے ترجمان نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ جدہ کے قریب زیرِ سمندر کیبل سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی ہے جس کے باعث کنیکٹیویٹی جزوی طور پر متاثر ہوئی۔
یہ خرابی دو بڑی بین الاقوامی زیرِ سمندر کیبلز — ایس ایم ڈبلیو 4 اور آئی ایم ای ڈبلیو ای — پر اثر انداز ہوئی ہے، جو پاکستان کو عالمی انٹرنیٹ نیٹ ورکس سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں ملک بھر کے صارفین کو خاص طور پر مصروف اوقات میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان کے مطابق بین الاقوامی شراکت دار فوری بنیادوں پر متاثرہ حصے کی مرمت کر رہے ہیں، جبکہ مقامی ٹیمیں متبادل راستوں اور بینڈوڈتھ کا انتظام کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ خدمات جلد از جلد بحال کی جا سکیں۔
بیان میں صارفین کی صبر و تحمل پر شکریہ بھی ادا کیا گیا اور اس خرابی سے پیدا ہونے والی مشکلات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔