سپریم کورٹ نے بلوچستان حکومت کی اپیل خارج کر دی، ترجمانوں اور کوآرڈینیٹرز کی تقرریاں غیر آئینی قرار دینے کا فیصلہ برقرار

اسلام آباد ؛ سسپریم کورٹ آف پاکستان نے بلوچستان حکومت کی اپیل مسترد کر دی، جس میں صوبائی حکومت نے بلوچستان ہائیکورٹ کے اُس فیصلے کو چیلنج کیا تھا جس کے تحت حکومتی ترجمانوں اور کوآرڈینیٹرز کی تقرریوں کو غیر آئینی قرار دیا گیا تھا۔

تین رکنی بینچ، جس کی سربراہی جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے کی، جبکہ جسٹس اشتیاق ابراہیم خان اور جسٹس علی باقر نجفی بھی شامل تھے، نے کیس کی سماعت کی۔ اپیل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے صوبائی حکومت کی جانب سے دائر کی تھی۔

کیس کا پس منظر

یہ معاملہ سینئر وکیل عبدالصادق خلجی کی آئینی درخواست پر شروع ہوا، جس میں بلوچستان ہائیکورٹ نے جولائی 2023 میں فیصلہ دیا کہ حکومتی ترجمانوں اور دو درجن سے زائد کوآرڈینیٹرز کی تعیناتیاں غیر قانونی ہیں کیونکہ یہ سیاسی نوعیت کی تقرریاں کسی قانونی دائرہ کار کے بغیر کی گئی تھیں۔

چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عامر نواز رانا پر مشتمل ڈویژن بینچ نے اپنے حکم میں ہدایت دی تھی کہ صوبائی محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی ان تقرریوں کے تحت دی گئی تمام مراعات، دفاتر اور سرکاری گاڑیاں فوری طور پر واپس لے۔ ان متاثرہ افراد میں حکومتی ترجمان فرح عظیم شاہ اور بابر یوسفزئی سمیت تقریباً 26 تا 32 کوآرڈینیٹرز شامل تھے جنہیں اُس وقت کے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے تعینات کیا تھا۔

سپریم کورٹ کی کارروائی

آج کی سماعت میں ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے انتظامیہ کے اختیارات میں غیر ضروری مداخلت کی، مگر سپریم کورٹ نے اپیل ناقابلِ پذیرائی قرار دیتے ہوئے خارج کر دی اور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ عدالتِ عظمیٰ نے واضح کیا کہ ایسے سیاسی عہدے قانونی بنیاد کے بغیر قائم نہیں کیے جا سکتے۔

قانونی اور انتظامی اثرات

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بلوچستان ہائیکورٹ کا حکم برقرار رہے گا، جس کے تحت:

ترجمانوں اور کوآرڈینیٹرز کو دیے گئے دفاتر، مراعات اور سرکاری گاڑیاں واپس ہی رہیں گی۔

صوبائی حکومتیں محض ایگزیکٹو آرڈرز کے ذریعے ایسی سیاسی تقرریاں یا مراعات نہیں دے سکتیں جب تک کہ واضح قانونی جواز موجود نہ ہو۔

یہ فیصلہ مستقبل میں صوبائی حکومتوں کے لیے ایک اہم رہنما اصول بن سکتا ہے کہ وہ سیاسی بنیاد پر ایسی تعیناتیاں نہ کریں جو آئینی یا قانونی بنیاد سے محروم ہوں۔

اپنا تبصرہ لکھیں