جھنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیر کے روز جھنگ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور تریموں ہیڈ ورکس پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب صوبہ پنجاب شدید مون سون بارشوں اور دریاؤں میں غیر معمولی پانی کے اضافے کے باعث بڑے چیلنجز سے دوچار ہے۔
مریم نواز کو اس موقع پر ایسکادا کنٹرول روم میں کمشنر فیصل آباد جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر نے تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ تریموں بیراج پر تاریخ کا سب سے بڑا ریلا گزرا لیکن بروقت اقدامات کے باعث نہ صرف ملتان بلکہ دیگر علاقے بھی بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔
انتظامیہ کے مطابق جھنگ سے سیلاب سے قبل تقریباً 2 لاکھ 98 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد مویشی بھی بچا لیے گئے۔ 102 ویٹرنری ورکرز متاثرہ مویشیوں کا علاج اور دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ مزید برآں ضلع میں 21 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جن میں 750 سے زائد متاثرین مقیم ہیں۔ سیلاب سے مجموعی طور پر جھنگ کی 181 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ امدادی و ریسکیو آپریشن آخری فرد کے نکالے جانے تک جاری رکھا جائے۔ انہوں نے ڈرونز، تھرمل امیجنگ کیمرے اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا حکم دیا تاکہ دور دراز علاقوں میں پھنسے متاثرین تک بھی بروقت پہنچا جا سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا: “جہاں بھی مدد کی ضرورت ہے، حکومت پنجاب وہاں پہنچے گی۔” انہوں نے متاثرین کی بحالی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی یقین دہانی بھی کرائی۔