جاپانی وزیر خارجہ کا اعزاز پاکستانی ثقافتی سرگرمیوں کی فروغ دہندہ نوین سید کے نام

اسلام آباد، جاپان کی وزارتِ خارجہ نے جاپانی وزیر خارجہ کے تعریفی اعزازات 2025 کا اعلان کیا ہے، جن میں لاہور فلوریٹیج سوگیتسو اسٹڈی گروپ کی چیئرپرسن مس نوین سید بھی شامل ہیں۔ انہیں جاپان اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تعلقات کے فروغ میں نمایاں خدمات پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔

لاہور فلوریٹیج سوگیتسو اسٹڈی گروپ ایک ثقافتی تنظیم ہے جو جاپانی انداز کے پھول سجانے کے فن ایکبانا کو فروغ دیتی ہے۔ مس نوین سید اس گروپ کے تحت پاکستان میں ایکبانا کے تربیتی کلاسز اور نمائشوں کا انعقاد کرتی رہی ہیں، جس کے ذریعے انہوں نے جاپانی ثقافت کو پاکستانی عوام سے متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر ہز ایکسیلینسی جناب اکامستو شوئی چی نے مس نوین کو اس اعزاز پر دلی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ان کی انتھک محنت اور خلوص کا اعتراف ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مس نوین مستقبل میں بھی پاکستان میں ایکبانا کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور خیرسگالی کا پل بنی رہیں گی۔

یہ اعزاز باضابطہ طور پر ایک تقریب میں دیا جائے گا، جس میں جاپانی وزیر خارجہ کی جانب سے سفیر اکامستو مس نوین سید کو یہ اعزاز پیش کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں