پاکستان میں کھیلوں کی بحالی کی جانب وفاقی حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے اور قومی ہاکی ٹیم کو عالمی سطح پر دوبارہ متحرک کرنے کے لیے اہم مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان اب ایف آئی ایچ پرو لیگ کے سیزن 7 میں شرکت کرے گا، جو نہ صرف ایک عالمی سطح کا ٹورنامنٹ ہے بلکہ اولمپکس اور ہاکی ورلڈکپ جیسے بڑے مقابلوں کے لیے درکار درجہ بندی پوائنٹس کا اہم ذریعہ بھی سمجھا جاتا ہے۔
اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے لیے 25 کروڑ روپے منظور کیے ہیں جو سفر، لاجسٹکس، ٹریننگ کیمپس اور دیگر انتظامات پر خرچ کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی پی ایچ ایف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تین دن کے اندر اندر ایک جامع پلان پیش کرے جس میں تمام اخراجات اور تیاریوں کی تفصیلات شامل ہوں۔
وفاقی کابینہ نے اس کے علاوہ اسلام آباد میں پہلی بار منعقد ہونے والے نیشنل یوتھ گیمز کے لیے 15 کروڑ روپے بھی مختص کیے ہیں تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کیا جا سکے اور گراس روٹ سطح پر اسپورٹس کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان ہاکی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے۔ ایک ایسا کھیل جس نے ملک کو تین اولمپکس گولڈ میڈلز اور چار ورلڈ کپ ٹائٹلز دیے، لیکن گزشتہ کئی برسوں سے مالی بحران اور ناقص انتظامات کی وجہ سے عالمی سطح پر اپنی ساکھ کھو بیٹھا تھا۔