پنجاب اسمبلی میں نیا اپوزیشن لیڈر لانے کیلئے پی ٹی آئی کی مشاورت، پانچ نام عمران خان کو ارسال

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اسمبلی میں نیا اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ یہ فیصلہ سابق اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کی نااہلی کے بعد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے پانچ نام پارٹی بانی عمران خان کو منظوری کے لیے بھیجے ہیں جن میں موئن ریاض قریشی، علی امتیاز وڑائچ، اعجاز شفی، شیخ امتیاز اور رانا شہباز شامل ہیں۔ عمران خان حتمی فیصلہ کرکے اگلے اجلاس سے قبل نئے اپوزیشن لیڈر کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مئی 9 واقعات میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کی سزا کے بعد احمد خان بھچر کو نااہل قرار دے دیا تھا جس کے نتیجے میں ان کی اسمبلی رکنیت اور اپوزیشن لیڈر کا منصب خود بخود ختم ہوگیا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر موئن ریاض قریشی اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں، انہیں پارلیمانی پارٹی اور متعدد اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ سابق اپوزیشن لیڈر بھچر نے بھی ان کی حمایت کی ہے جس سے ان کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ہے۔

پارلیمانی پارٹی نے اپوزیشن لیڈر کے نام کے انتخاب کا اختیار سیاسی کمیٹی کو دیا تھا، جو حتمی مشاورت کے بعد عمران خان کو اپنی سفارشات دے گی۔

ذرائع نے کہا ہے کہ اعلان اگلے اجلاس سے قبل لازمی طور پر کرنا ہوگا تاکہ پی ٹی آئی ایوان میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کی حیثیت برقرار رکھ سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں