پی ایچ اے اور ایتھوپیا کے سفارتخانے کا لاہور میں ایتھو-پاکستان گرین ڈائیلاگ کا انعقاد

لاہور: پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) پنجاب اور اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کے اشتراک سے ایتھوپیا-پاکستان گرین ڈائیلاگ: ایتھوپیا کے گرین لیگیسی سے سبق کے عنوان سے ایک تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں سے مؤثر مقابلے کے لیے گرین کلچر، اختراعات اور پائیدار ٹیکنالوجی کو فروغ دینا تھا۔

اس تقریب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ سیکریٹری جنگلات مدثر ریاض ملک، ڈی جی پی ایچ اے پنجاب ناہید گل بلوچ اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ذکی اعجاز مہمانانِ اعزاز تھے۔ ایتھوپیا سے اعلیٰ سطحی وفد بھی شریک ہوا جبکہ پاکستان سے سرکاری افسران، ماہرینِ ماحولیات، تعلیمی اداروں کے پروفیسرز، کاروباری افراد، نوجوانوں اور سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا کے گرین لیگیسی انیشی ایٹو کے تحت 41.2 ارب پودے لگائے گئے، جس سے جنگلات میں اضافہ ہوا اور خوراک کی کمی، زمین کے کٹاؤ، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کاربن کے اخراج میں کم ترین حصہ ڈالنے کے باوجود شدید موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہے، اور اس جدوجہد میں ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مکالمے کے آغاز کا موقع فراہم کیا۔

ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ یہ ڈائیلاگ وزیراعلیٰ پنجاب کے ماحول دوست ایجنڈے کا عکاس ہے جبکہ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر نے اس اقدام کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

تقریب کے دوران گرین لیگیسی ایوارڈز پیش کیے گئے، شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا اور ماہرین کے درمیان پینل ڈسکشن ہوا جس میں ماحولیات کے تحفظ، پائیدار ترقی اور ماحولیاتی بحالی کے لیے حکمتِ عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں