کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر آتشبازی کے گودام میں دھماکہ، عمارت گرنے سے 20 سے زائد افراد زخمی

کراچی؛ جمعرات کی شام ایم اے جناح روڈ پر واقع تین منزلہ عمارت میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے اور شدید آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس کے مطابق یہ عمارت آتشبازی کے گودام کے طور پر استعمال کی جا رہی تھی، جو دھماکے کے بعد منہدم ہوگئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد ملبے کے اندر آتشبازی کا سامان پھٹنے سے وقفے وقفے سے مزید دھماکے ہورہے ہیں، جس کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو آگ بجھانے اور امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں تاہم ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک جام کے باعث کارروائی میں رکاوٹ پیش آرہی ہے۔

ریسکیو حکام نے تصدیق کی کہ زخمیوں میں جھلسنے والے اور تشویشناک حالت کے افراد بھی شامل ہیں، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی کے مطابق عمارت بنیادی طور پر گراؤنڈ پلس ون تھی مگر اس پر غیر قانونی طور پر مزید کمرے تعمیر کیے گئے تھے۔

حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ امدادی ٹیمیں، بھاری مشینری اور فائر بریگیڈ ملبہ ہٹانے، آگ پر قابو پانے اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

حادثے کے بعد شہر میں بڑے پیمانے پر حفاظتی خدشات پیدا ہوگئے ہیں کیونکہ ملبے کے اندر سے اب بھی وقفے وقفے سے آتشبازی کے سامان کے دھماکے جاری ہیں، جو ریسکیو اہلکاروں اور شہریوں کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں