الیکشن کمیشن نے پنجاب کی چھ نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اور پنجاب اسمبلی کی چھ نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جن کے لیے پولنگ دو الگ تاریخوں، ستمبر اور اکتوبر میں ہو گی۔

ای سی پی کے مطابق این اے-66 وزیرآباد، این اے-129 لاہور اور پی پی-87 میانوالی میں پولنگ 18 ستمبر کو ہو گی، جبکہ این اے-143 ساہیوال، این اے-185 ڈیرہ غازی خان اور پی پی-203 ساہیوال میں پولنگ 5 اکتوبر کو شیڈول ہے۔

18 ستمبر کے ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 6 اگست تک جمع کرائے جا سکیں گے، جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 7 اگست کو جاری ہو گی اور انتخابی نشان 26 اگست کو الاٹ کیے جائیں گے۔ 5 اکتوبر کے ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 28 سے 30 اگست تک وصول کیے جائیں گے اور امیدواروں کو انتخابی نشان 16 ستمبر کو جاری ہوں گے۔

این اے-66 وزیرآباد کی نشست پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی، جبکہ پی پی-87 میانوالی اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی۔ این اے-129 لاہور کی نشست ایم این اے میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی۔

دوسری جانب این اے-143 ساہیوال، این اے-185 ڈیرہ غازی خان اور پی پی-203 ساہیوال کی نشستیں پی ٹی آئی رہنماؤں رائے حسن نواز، زرتاج گل اور رائے مرتضیٰ اقبال کی نااہلی کے باعث خالی ہوئیں۔ زرتاج گل اور رائے مرتضیٰ اقبال کو فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات پر 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جبکہ رائے حسن نواز جو اس سے قبل اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دیے گئے تھے، انہیں بھی 9 مئی کے واقعات میں سزا ہونے پر نشست سے محروم ہونا پڑا۔

یہ ضمنی انتخابات نہ صرف پی ٹی آئی کی تنظیمی طاقت کا امتحان تصور کیے جا رہے ہیں بلکہ ان کے نتائج آئندہ عام انتخابات سے قبل پنجاب کی سیاسی صف بندیوں پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں