کوٹ ادو؛ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون پولیس آفیسر نے پولیس مقابلے کی قیادت کی اور اس بہادری پر سعیدہ خالق کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
انسپکٹر سعیدہ خالق اس وقت ضلع کوٹ ادو میں جینڈر کرائم سیل کی انچارج کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ مظفرگڑھ کے تھانہ محمود کوٹ میں ایس ایچ او کے عہدے پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے ایک ملزم مبین احمد، جو دس سالہ بچی کے اغواء اور ریپ کے مقدمے میں گرفتار تھا، کو ریکوری کے لیے لے جایا۔ اس دوران ملزم کے ساتھیوں نے اسے پولیس کی حراست سے چھڑانے کی کوشش کی جس پر پولیس کا مقابلہ ہوا۔ اسی موقع پر سعیدہ خالق نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی قیادت کی اور ملزم کو قابو کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
پنجاب پولیس قیادت نے ان کے اقدام کو خواتین پولیس آفیسرز کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ ترقی نہ صرف سعیدہ خالق کی انفرادی بہادری کا اعتراف ہے بلکہ پولیس فورس میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کی بھی علامت ہے۔
انسپکٹر سعیدہ خالق اب کوٹ ادو میں جینڈر کرائم سیل کی سربراہی کرتے ہوئے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہیں ایک ایسی مثال قرار دیا جا رہا ہے جس نے مردوں کے غلبے والے شعبے میں نئی راہیں کھول دی ہیں۔