اسلام آباد: ایتھوپین سفارتخانے نے ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ سندھ کے دفتر کے تعاون سے ایتھو۔پاکستان گرین لیگیسی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی، زمین کی زرخیزی میں کمی اور جنگلات کی کٹائی جیسے مسائل پر علم و تجربات کے تبادلے اور تعاون کو فروغ دینا تھا۔
یہ اجلاس ایتھوپیا کے سفیر اور خصوصی ایلچی ڈاکٹر جمال بیکر عبدالا اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مشترکہ طور پر صدارت کیا۔
اس موقع پر ایتھوپیا کی گرین لیگیسی ٹیکنیکل کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اڈیفائرس ورکو گیزاؤ نے وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی گرین لیگیسی انیشی ایٹو کے تحت ایتھوپیا کے منصوبوں پر روشنی ڈالی، جن میں شجرکاری، دوبارہ جنگلات اگانے، غذائی تحفظ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ زمین و پانی کے بہتر انتظام جیسے اقدامات شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی ذبیر احمد نے صوبہ سندھ کی موسمیاتی پالیسی اور ماحولیاتی منصوبوں پر پریزنٹیشن دی۔
سفیر ڈاکٹر جمال بیکر نے کہا کہ ایتھوپیا نہ صرف افریقہ بلکہ دنیا بھر میں ماحولیاتی ایجنڈے کی قیادت کر رہا ہے تاکہ پائیدار اور سبز ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی تباہ کن اثرات نہ صرف انسانی جانوں اور روزگار کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ ترقی پذیر ممالک کی سماجی و معاشی ترقی کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان گرین لیگیسی انیشی ایٹو کے تحت تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور حکومت سندھ کو مدعو کیا کہ وہ 8 سے 10 ستمبر 2025 کو ادیس ابابا میں ہونے والی افریقہ کلائمیٹ سمٹ میں اپنا وفد بھیجے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر سفیر کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ سندھ حکومت ماحول کے تحفظ اور غذائی تحفظ کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھائے گی۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ سندھ حکومت اپنا وفد ایتھوپیا بھیجے گی تاکہ کلائمیٹ سمٹ میں شرکت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان ماحولیات کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔