اسلام آباد کے ایچ-16 سیکٹر میں جناح میڈیکل کمپلیکس 120 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا، 1000 بستروں پر مشتمل اسپتال شامل

اسلام آباد؛ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-16 میں جدید جناح میڈیکل کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا جس کی تخمینی لاگت 120 ارب روپے ہوگی۔ 600 کنال رقبے پر پھیلا یہ منصوبہ ایک 1000 بستروں پر مشتمل جدید تدریسی و علاجی اسپتال، 9 خصوصی سنٹرز آف ایکسی لینس، جدید تحقیقی اور تدریسی سہولیات پر مشتمل ہوگا۔ یہ کمپلیکس علاج و تدریس دونوں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اس منصوبے پر نظرِ ثانی اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ہدایت دی کہ اسپتال کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے مربوط بنایا جائے تاکہ یہ بین الاقوامی معیار پر پورا اتر سکے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسپتال کو اسلام آباد کے دیگر ہسپتالوں سے ڈیجیٹل طور پر منسلک کیا جائے تاکہ مریضوں کی بہتر رہنمائی اور ڈیٹا شیئرنگ ممکن ہو سکے۔

اجلاس میں ہانگ کانگ کی چینی کمپنی “آو ہوا” کی جانب سے تیار کردہ کونسپٹ ڈیزائن پیش کیا گیا جو کمپنی نے پاکستان کو تحفے میں دیا ہے۔ وزیراعظم نے اس اقدام کو پاک-چین دوستی اور عوامی روابط کی زندہ مثال قرار دیتے ہوئے کمپنی کی قیادت اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحفہ حکومت، عوام اور مستقبل کے مریضوں کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس امر کا خیر مقدم کیا کہ ڈیزائن میں آئندہ ممکنہ وباؤں سے نمٹنے کے لیے ایک جامع ایمرجنسی رسپانس پلان بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ ماحولیات کے تحفظ، پانی کے ضیاع کو روکنے اور وسائل کے موثر استعمال کو منصوبے کا لازمی حصہ بنایا جائے۔ ڈیزائن میں سولر انرجی، قدرتی روشنی کے بہتر استعمال، پانی کی ری سائیکلنگ اور کمپلیکس میں سبزے کے فروغ جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے قیام سے نہ صرف جدید ترین طبی سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ یہ منصوبہ صحت اور ترقی کے شعبے میں پاک-چین تعاون کی ایک شاندار علامت بھی ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں