اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز چینی ٹیکسٹائل کمپنی ’’چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ‘‘ کے زیرِ اہتمام خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) کا افتتاح کیا، جس میں آئندہ پانچ برسوں میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے جبکہ 400 ملین ڈالر کی برآمدات کا ہدف رکھا گیا ہے۔
یہ زون چینی ملبوسات ساز ادارے ’’چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ‘‘ کے تحت قائم کیا جا رہا ہے، جو 2014 سے اب تک پاکستان میں 17 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔
افتتاح سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کمپنی کے چیئرمین ہوانگ وی گو کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی اور اس منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ زون ٹیکنالوجی کی منتقلی، ہنر کی ترقی اور پائیدار صنعتی نمو میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے چیلنج گروپ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سی پیک کے صنعتی پہلو کو فروغ دینے اور ٹیکسٹائل کے شعبے میں چین کی ترقی و مہارت سے استفادہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک۔چین دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے اور ان کی حکومت باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس قائم کریں اور چیلنج فیشن گروپ کے اعتماد کو سراہا۔
انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ جلد چین میں پاک۔چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس منعقد کی جائے گی، جو دونوں ممالک کے نجی کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کا موقع فراہم کرے گی۔
چیلنج فیشن گروپ کے چیئرمین نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں جدید ٹیکسٹائل صنعت قائم کر رہی ہے اور آئندہ پانچ برسوں میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعے 400 ملین ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزراء احسن اقبال، جام کمال، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس احمد لغاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام موجود تھے۔