امریکا، برطانیہ اور فرانس کا شمالی پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصان پر اظہار تعزیت

اسلام آباد: امریکا، برطانیہ اور فرانس نے خیبر پختونخوا سمیت شمالی علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں اور تباہ کن فلیش فلڈز کے باعث تقریباً 200 افراد کی ہلاکت پر پاکستان سے گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مغربی پاکستان میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کلاؤڈ برسٹ، آسمانی بجلی گرنے، اچانک آنے والے سیلاب اور عمارتوں کے گرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں صرف خیبر پختونخوا میں 180 افراد جاں بحق ہوئے۔ خراب موسم کے باعث جمعہ کو ایک سرکاری ریسکیو ہیلی کاپٹر بھی گر کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار تمام اہلکار شہید ہوگئے۔ ایک مقامی رہائشی نے اس تباہی کو “قیامت کا منظر” قرار دیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ ہفتہ صوبے میں یومِ سوگ کے طور پر منایا جائے گا، قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور شہداء کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے جانی نقصان پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سانحے سے ’’انتہائی دکھی‘‘ ہیں، خاص طور پر ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے حوالے سے۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا: ’’میرے خیالات ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جو اس سانحے سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘

امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے بھی گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں آج کے فلیش فلڈز سے ہونے والے جانی نقصان اور تباہی سے سخت افسردہ ہوں۔‘‘ انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’میری ٹیم اور میں اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘

پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ’’انتہائی افسردہ‘‘ ہیں، جہاں تباہ کن فلیش فلڈز نے کئی جانیں لے لیں، جن میں ریسکیو ہیلی کاپٹر کا عملہ بھی شامل ہے، اور متعدد افراد لاپتہ ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا: ’’ہمارے دل سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘‘

اپنا تبصرہ لکھیں