پنجاب میں لاہور کی پہلی سیاحتی شاہراہ ’’واہگہ ہیریٹیج کوریڈور‘‘ کی تعمیر تیز رفتاری سے جاری

لاہور: پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کی پہلی سیاحتی شاہراہ واہگہ ہیریٹیج کوریڈور کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔

یہ منصوبہ قائداعظم انٹرچینج سے واہگہ بارڈر زیرو لائن تک 13 کلو میٹر طویل ہے، جس پر اب تک 28 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ لاکھوں شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے دونوں اطراف سڑک کو کشادہ کیا جا رہا ہے۔ دو رویہ شاہراہ کی چوڑائی 68 فٹ ہے جبکہ دونوں جانب 20 فٹ چوڑی سروس روڈز تعمیر کی جا رہی ہیں۔

منصوبے میں 22 کلو میٹر طویل آر سی سی ڈرینیج سسٹم، 10 کلو میٹر طویل تزئینی دیوار اور جدید سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی شامل ہے۔ جنوری میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ اب تکمیل کے قریب ہے اور اس کے مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر پریڈ دیکھنے آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو عالمی معیار کی سفری سہولیات میسر ہوں گی۔

یہ کوریڈور سکھ یاتریوں سمیت تمام آنے والے مہمانوں کو پاکستانی ثقافت، سیاحت اور حسن کے دلکش رنگ دکھائے گا۔ سفر کے دوران شہری روشنیوں سے آراستہ قومی ہیروز کی تصاویر اور ثقافتی مناظر سے لطف اندوز ہوں گے۔ نئی شاہراہ اور نکاسی آب کا نظام علاقے کے پرانے مسائل بھی حل کرے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں