راولپنڈی؛ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 47 بھارت نواز دہشتگردوں کو ہلاک کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے پاکستان۔افغانستان سرحد کے سامبزہ علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے 33 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جب کہ بعد ازاں علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 14 دہشتگرد مارے گئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے بعد ان سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے عزم دہراتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے تحفظ اور پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
فوج اس سے قبل واضح کر چکی ہے کہ بھارت مئی کی لڑائی میں شکست کے بعد پاکستان کے خلاف اپنی پراکسی جنگ تیز کر چکا ہے، اور اس کے ایجنٹوں کو بھی نئی دہلی کی طرح عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو مبارکباد دی، وزیر اعظم نے اہلکاروں کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے تحفظ کے لیے جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشتگردوں کے “مذموم عزائم” کو ناکام بنایا۔طالبان کے 2021 میں افغانستان میں دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد سے پاکستان میں سرحد پار دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (PICSS) کی جون کی رپورٹ کے مطابق اس مہینے میں 78 دہشتگرد حملے ہوئے جن میں کم از کم 100 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 53 سیکیورٹی اہلکار اور 39 شہری شامل ہیں، جب کہ 189 افراد زخمی ہوئے۔