اسلام آباد (وے آوٹ نیوز )
قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے سیاحت کو مزید آسان بنا دیا ہے۔ اب پاکستانی سیاح پیشگی ویزا کے بغیر قطر کا سفر کر سکتے ہیں، کیونکہ قطر حکومت نے 30 دن کے مفت ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کر دی ہے۔پاکستانی شہری سیاحتی مقاصد کے لیے قطر میں داخل ہو سکتے ہیں، اور انہیں حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آمد کے وقت ہی ویزا جاری کر دیا جائے گا۔

یہ ویزا 30 دن تک قیام کی اجازت دیتا ہے، جس سے پاکستانی مسافروں کو قطر کی سیاحت اور ثقافت سے لطف اندوز ہونے کا بہترین موقع ملے گا۔ کم از کم 6 ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ واپسی کا کنفرم ٹکٹ رہائش کا ثبوت ،ہوٹل بکنگ یا میزبان کی معلومات اور اگر پاکستان سے سفر کر رہے ہیں تو پولیو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی ساتھ رکھنا لازمی ہو گا۔ یہ سہولت پاکستان اور قطر کے درمیان دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنائے گی۔