اسلام آباد(وے آوٹ نیوز)
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ، اقتصادی تعاون اور خطے میں استحکام پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔صدر مسعود پزشکیان نے دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں سرحدی تجارت، توانائی کے شعبے میں تعاون، سلامتی امور، اور دوطرفہ معاہدوں پر پیش رفت اور کئی شعبوں میں ایم او یوز پر بھی دستخط کئے گئے۔پاکستان کی جانب سے ایرانی صدر کے اعزاز میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں اعلیٰ سطحی اجلاس اور مشترکہ اعلامیہ بھی شامل تھا۔

دورے کے اختتام پر وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ اور ریاض حسین پیرزادہ نے نور خان ایئربیس پر ایرانی صدر کو پروٹوکول کے ساتھ رخصت کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے صدر پزشکیان کو دورہ پاکستان کی تصویری جھلکیوں پر مبنی البم بھی پیش کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور خیر سگالی کی یادگار علامت ہے۔یہ دورہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور علاقائی تعاون کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔