ٹیکسٹائل صنعت کے لیے خوشخبری۔ ٹیکس میں چھوٹ مل گئی

اسلام آباد (وے آوٹ نیوز)
پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ حکومتِ پاکستان نے ایک نیا ایس آر او جاری کرتے ہوئے امپورٹڈ یارن اور امپورٹڈ کاٹن پر دی جانے والی 18 فیصد سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کر دی۔ یہ فیصلہ مقامی ٹیکسٹائل سیکٹر، خصوصاً یارن سازوں اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرنے والے صنعتکاروں کے تحفظ کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔اس کامیابی کو آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (APTMA) کی طویل جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اپٹما کے چیئرمین میاں کامران ارشد اور سابق چیئرمین آصف انعام کی قیادت میں ادارے نے مؤثر طور پر مؤقف اپنایا کہ سیلز ٹیکس کی چھوٹ کی وجہ سے امپورٹڈ یارن غیر معمولی سستے داموں دستیاب ہو رہا تھا، جس سے مقامی صنعت مسابقت کی دوڑ سے باہر ہو رہی تھی۔
اپٹما نے حکومتی اداروں کو باور کرایا کہ اس چھوٹ کی وجہ سے نہ صرف مقامی پیداوار متاثر ہو رہی ہے بلکہ ہزاروں ملازمین کا روزگار بھی خطرے میں تھا۔ اب، اس فیصلے سے نہ صرف مقامی یارن ساز فیکٹریوں کو ریلیف ملے گا بلکہ قومی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔ یہ قدم ٹیکس نظام میں شفافیت اور صنعت کی پائیدار ترقی کی سمت اہم پیش رفت ہے۔اپٹما کی قیادت نے جس استقامت اور حب الوطنی کے جذبے کے تحت یہ کامیابی حاصل کی، وہ لائقِ تحسین ہے۔ یہ فیصلہ مقامی صنعت کو تقوی دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں