وفاقی و صوبائی پولیس میں تبادلوں کا فیصلہ،آئی جی اسلام آباد بھی تبدیل ہونگے۔

اسلام آباد(وے آوٹ نیوز)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ پنجاب میں آئندہ دنوں میں اعلیٰ سطح پر بڑے پیمانے پر انتظامی تبادلوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 10 اگست تک ان تبادلوں کا حتمی فیصلہ متوقع ہے، جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران کی تعیناتیوں و تبادلوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی قیادت میں تبدیلی کا امکان ہے۔ موجودہ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کو سی پی او لاہور تعینات کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ ان کی جگہ سابق آئی جی احسن یونس یا وسیم احمد سیال کو آئی جی اسلام آباد تعینات کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ادھر لاہور پولیس میں بھی اہم تبدیلی متوقع ہے۔ موجودہ سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کو یا تو آئی جی بلوچستان یا آئی جی خیبرپختونخوا کے عہدے پر فائز کیا جا سکتا ہے۔یہ تبدیلیاں وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے بیوروکریسی میں کارکردگی بہتر بنانے اور انتظامی ڈھانچے کو موثر بنانے کی حکمت عملی کا حصہ بتائی جا رہی ہیں۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تقرریوں کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے، جو آئندہ بلدیاتی و ضمنی انتخابات اور امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔حتمی منظوری وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشاورت سے دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں