اسلام آباد (وے آوٹ نیوز) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری آئی پی سی محی الدین وانی، سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن محمد خالد محمود، صوبائی ڈائریکٹر جنرلز، ایچ ای سی، نیوٹیک اور دیگر اہم اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایک تاریخی اقدام کا اعلان کیا گیا جس کے تحت پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نیشنل یوتھ گیمزکا آغاز کیا جا رہا ہے، جو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے اشتراک اور وزارت بین الصوبائی رابطہ (IPC) کے تعاون سے منعقد ہوں گے۔
یہ نیشنل یوتھ گیمز 14 سے 17 سال کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مخصوص ہوں گے، جن میں 15 سے زائد کھیلوں کے مقابلے بین الاقوامی معیار کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور مستقبل کے چیمپئنز کو پروان چڑھانا ہے۔