خنکندی(نمائندہ وے آوٹ نیوز) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے دورہ آذربائیجان کے دوران ایک اہم اور جذباتی لمحہ سامنے آیا، جب انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علییف کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی اور بھائی چارے کا علامتی مظاہرہ کیا۔
یہ تاریخی منظر 17ویں اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) سربراہ اجلاس کے اختتام پر خنکندی، آذربائیجان میں پیش آیا، جہاں تینوں برادر اسلامی ممالک کے رہنما ایک ساتھ کھڑے ہو کر علاقائی تعاون، امن اور ترقی کے عزم کا اعادہ کر رہے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب اور ملاقاتوں میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان گہرے تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ صرف سفارتی نہیں بلکہ دلوں کا ہے، جو اسلامی بھائی چارے، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے حالیہ چیلنجز کے دوران پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ برادر ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ خطے میں ترقی، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ای سی او اجلاس کے اختتام پر تینوں رہنماؤں کی یکجہتی کا یہ منظر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا، جو اس بات کا پیغام ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان علاقائی تعاون کے نئے باب رقم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔