اسلام آباد(وے آوٹ نیوز) پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے فضائی کارگو کے نرخوں میں 100 گنا تک اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث تجارتی و ذاتی نوعیت کے سامان کی ترسیل مہنگی ہو گئی ہے۔
ایئرپورٹ اتھارٹی حکام کے مطابق، نئی شرحوں کا اطلاق ان اشیاء پر کیا گیا ہے جنہیں عام طور پر پروازوں کے ذریعے بھیجا جاتا ہے، جن میں پالتو پرندے، بلیاں، کتے، پان کے پتے اور دیگر جنرل کارگو شامل ہیں۔
نئے نرخ نامے کے تحت پالتو پرندوں کو لے جانے پر 50 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ کارگو چارجز میں مجموعی طور پر 100 گنا تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ پانچ سال کے طویل وقفے کے بعد کیا گیا ہے تاکہ مہنگائی اور انتظامی اخراجات کا ازالہ کیا جا سکے۔
تاجر حلقوں اور مسافروں نے اس اضافے کو غیرمنصفانہ اور مہنگائی میں مزید اضافے کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے برآمدات، درآمدات اور ذاتی سامان کی ترسیل پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
ائیرپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ فریقین کو نئے نرخوں سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور یہ اقدام ریونیو بڑھانے کے لیے ناگزیر تھا۔