اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی رانا قاسم نون کو وفاقی وزیر کا درجہ دینے کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری رولز آف بزنس 1973 کے تحت دی گئی۔اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق رانا قاسم نون کو فوری طور پر وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہو گیا ہے۔

رانا قاسم نون اس وقت قومی اسمبلی کی خصوصی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اُن کی کارکردگی اور پارلیمانی کردار کے پیش نظر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ رانا قاسم نون کو یہ درجہ ان کے موجودہ منصب کے ساتھ دیا گیا ہے، جو کہ پارلیمانی سطح پر ان کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔
حکومتی حلقوں میں اس فیصلے کو مثبت پیشرفت اور کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی پارلیمانی سطح پر سنجیدگی کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔