اسلام آباد(وے آوٹ رپورٹ)وفاقی حکومت کا ہاؤسنگ سیکٹر شدید بدانتظامی اور غیرفعالیت کا شکار، وفاقی وزیر ہاؤسنگ ریاض پیرزادہ کی عدم دلچسپی کے باعث ہزاروں سرکاری ملازمین اور افسران سخت پریشانی کا شکار ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود نہ کوئی نئی اسکیم لا سکے اور نہ ہی موجودہ منصوبوں میں پیش رفت ممکن بنا سکے۔ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں موجود کالی بھیڑیوں کے خلاف کوئی احتسابی کارروائی نہ کی جا سکی۔جس سے وزیر ہاوسنگ کی بے بسی بھی عیاں ہوتی ہے۔
اسلام آباد کے ایف-14، ایف-15، ایف-12 اور جی-12 سمیت متعدد رہائشی اسکیمیں تاحال التوا کا شکار ہیں، جن پر سپریم کورٹ نے تین ماہ میں فیصلے کی ہدایت کی تھی، مگر اسلام آباد ہائی کورٹ میں چھ ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود ایک سے زائد سماعتیں بھی نہ ہو سکیں۔


متاثرہ سرکاری ملازمین اور افسران نے وزیراعظم، سیکریٹری ہاؤسنگ اور عدالتِ عالیہ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ عدالتی کارروائیوں کو تیز کیا جائے اور التوا میں پڑے منصوبوں پر کام کا آغاز یقینی بنایا جائے۔
ڈی جی ہاؤسنگ فاؤنڈیشن بھی اپنی کارکردگی بہتر نہ بنا سکے، جبکہ فاؤنڈیشن کے لا وِنگ کی ناقص کارکردگی پر پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔
ہاؤسنگ کا خواب دیکھنے والے ہزاروں سرکاری ملازمین، بدانتظامی کی اس صورتحال پر شدید اضطراب کا شکار ہیں۔