پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ لو نوبل امن انعام کے لئے نامزد کرے گا۔

اسلام آباد( وے آوٹ نیوز )حکومت پاکستان نے 2026 کے نوبل امن انعام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی سفارش کی ہے
حکومت پاکستان نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران فیصلہ کن سفارتی مداخلت اور قائدانہ کردارکے اعتراف میں 2026 کے نوبل امن انعام کے لیے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو باضابطہ طور پر سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی برادری نے بھی بلا اشتعال اور غیر قانونی بھارتی جارحیت کی گواہی دی، جو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی تھی، جس کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم جانوں کا المناک نقصان ہوا۔
اپنے دفاع کے اپنے بنیادی حق کو استعمال کرتے ہوئے، پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا جو کہ ایک نپہ تلا، پُرعزم اور واضح فوجی ردعمل تھا اور محتاط انداز سے ڈیٹرنس کو دوبارہ قائم کرنے اور اپنی علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کے لیے انجام دیا گیا تھا ل، اس آپریشن میں شعوری طور پر شہری نقصان سے گریز کیا گیا تھا۔

بڑھتے ہوئے علاقائی انتشار کے ایک لمحے میں، صدر ٹرمپ نے اسلام آباد اور نئی دہلی دونوں کے ساتھ مضبوط سفارتی رابطے کے ذریعے زبردست اسٹریٹجک دور اندیشی اور شاندار حکمت عملی کا مظاہرہ کیا جس نے تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کو کم کیا،
بالآخر جنگ بندی کو یقینی بنایا اور دونوں جوہری ریاستوں کے درمیان وسیع تر تنازعے کو ٹال دیا جس سے خطہ کے لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچنا تھا۔
یہ مداخلت ایک حقیقی امن ساز کے طور پر ان کے کردار اور بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔
حکومت پاکستان بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو حل کرنے میں مدد کرنے کے لیے صدر ٹرمپ کی مخلصانہ پیشکشوں کو تسلیم کرتی ہے اور اس کی بہت تعریف کرتی ہے،
یہ مسئلہ علاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے۔ جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد تک جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن ناگزیر رہے گا۔
2025 کے پاک بھارت بحران کے دوران صدر ٹرمپ کی قیادت واضح طور پر ان کی عملی سفارت کاری اور امن کی موثر تعمیر کی میراث کے تسلسل کو ظاہر کرتی ہے۔
پاکستان کو امید ہے کہ انکی مخلصانہ کوششیں علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی، خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری بحرانوں کے تناظر میں، بشمول غزہ میں رونما ہونے والے انسانی المیے اور ایران میں بگڑتی ہوئی کشیدگی۔