اسلام آباد (وے آوٹ نیوز)نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (National CERT) نے صارفین کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دنوں واٹس ایپ صارفین کو نشانہ بنانے والے ہیکنگ اور فشنگ حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق، ہیکرز جعلی لنکس، مشکوک پیغامات، اور جعلی تصدیقی کوڈز کے ذریعے صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد اس کا استعمال جعلی معلومات پھیلانے، فراڈ کرنے یا دیگر ٹیلیفون نمبروں تک رسائی کے لیے کیا جا سکتا ہے۔

متاثرہ فشنگ حربوں میں جعلی شپنگ،انعامی آفرز، یا بینک لائلٹی پروگرام ،جعلی ملازمتوں کی آفرز
سرمایہ کاری پر مبنی دھوکہ دہی کی اسکیمیں شامل ہیں
نیشنل سرٹ نے صارفین کو حفاظتی اقدامات کی تلقین کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ واٹس ایپ پر دوہری تصدیق (Two-Step Verification) کو فعال کریں ۔
مشکوک پیغامات، لنکس یا نمبروں پر ہرگز اعتماد نہ کریں۔ایسے پیغامات سے ہوشیار رہیں جن میں غلط املا، ناقابل یقین دعوے یا ہنگامی لہجہ ہو۔کسی بھی شخص سے OTP یا ذاتی معلومات شیئر نہ کریں ۔واٹس ایپ کی Linked Devices فہرست چیک کرتے رہیں ۔صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ نامعلوم نمبرز سے رابطے سے اجتناب کریں۔مشکوک پیغام موصول ہونے پر واٹس ایپ پر رپورٹ کریں اور بھیجنے والے کو بلاک کریں۔پبلک یا شیئرڈ ڈیوائسز پر لاگ اِن ہونے سے بھی پرہیز کریں۔