اسلام آباد: (وے آوٹ نیوز) فاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے ملک میں ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے افسران کو نئی گاڑیوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے 1,010 گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان گاڑیوں کی خریداری کے لیے دو معروف آٹو کمپنیوں کو باضابطہ آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گاڑیاں 1200 سی سی انجن، ریورس کیمرہ، بہتر اندرونی سہولیات اور 4 سالہ وارنٹی جیسی خصوصیات سے لیس ہوں گی۔ ہر گاڑی پر ایف بی آر کا نمایاں اسٹیکر بھی چسپاں کیا گیا ہے تاکہ ان کی شناخت ممکن ہو۔

گاڑیوں پر کل لاگت تقریباً 6 ارب روپے آئے گی، اور یہ خریداری دو مراحل میں مکمل کی جائے گی۔ ان گاڑیوں کو فیلڈ افسران کی کارکردگی بہتر بنانے، ٹریکنگ اور فیلڈ آپریشنز کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، گاڑیوں کی خریداری سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے تحفظات بھی دور کیے گئے ہیں، جس کے بعد منصوبے کو عملی شکل دی گئی۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم نہ صرف عملے کی کارکردگی میں بہتری لائے گا بلکہ ٹیکس نظام میں شفافیت اور مؤثر مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنائے گا۔