وزیراعظم نے تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب

اسلام آباد(وے آوٹ نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے دونوں عہدیداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ رپورٹ کی روشنی میں تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے پر فوری کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ سے کہا ہے کہ وہ تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم کریں تاکہ اس پر مناسب فیصلہ کیا جا سکے۔

تنخواہوں میں اضافہ کا اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں معاشی مشکلات کے پیش نظر عوامی حلقوں میں تنخواہوں میں اضافے پر تنقید کی جا رہی ہے۔
حکومت نے بجٹ پیش کرنے سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں 500 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، اب اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی ماہانہ تنخواہ 2 لاکھ 5 ہزار روپے سے بڑھ کر 13 لاکھ مقرر کردی گئی ہے جبکہ تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔4 مئی 2025کو صدر آصف زرداری نے وفاقی وزرا کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق تنخواہ، مراعات و استحقاق ایکٹ 1975 میں ترمیم کا آرڈیننس بھی جاری کیا تھا جس کے بعد وفاقی وزرا کی تنخواہوں میں 140 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا تھا۔
اس ترمیمی آرڈیننس کے بعد وفاقی وزراء کی تنخواہ 2 لاکھ 18 ہزار روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے کر دی گئی تھی،جس کا اطلاق بھی یکم جنوری سے 2025 سے ملنے والی تنخواہوں پر کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں پیش ہونے والی وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد جبکہ پنشن میں سات فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔حکمران جماعت کے سرکردہ رہنماوں کی جانب سے دونوں ایوانوں کے نگہبانوں کی تنخواہ میں ہوشربا اضافہ پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔