اسلام آباد(وے آوٹ نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاقی بجٹ 2025-26 کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی اجلاس کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2025-26 بروز پیر، 10 جون 2025 کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اسپیکر کے مطابق 11 اور 12 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد نہیں ہوگا تاکہ اراکین بجٹ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے سکیں۔13 جون کو بجٹ پر بحث کا آغاز کیا جائے گا جس میں ایوان میں موجود تمام پارلیمانی جماعتوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق بھرپور موقع دیا جائے گا۔اسپیکر سردار ایاز صادق کے مطابق بجٹ پر بحث 21 جون تک جاری رہے گی اور اسی روز بحث کو سمیٹا جائے گا۔ 22 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد نہیں ہو گا۔
23 جون کو 2025-26 کے لیے مختص کردہ ضروری اخراجات پر بحث کی جائے گی، جبکہ 24 اور 25 جون کو ڈیمانڈز، گرانٹس اور کٹوتی کی تحاریک پر بحث و ووٹنگ ہوگی۔26 جون کو فنانس بل کی منظوری دی جائے گی جبکہ 27 جون کو سپلیمنٹری گرانٹس سمیت دیگر پارلیمانی امور پر بحث اور ووٹنگ ہو گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا ہے کہ شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی صرف ان کی اجازت سے ممکن ہو گی۔ یہ شیڈول ملک کے آئندہ مالی سال کی سمت کا تعین کرنے میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور تمام اراکین کو اس میں بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔