اسلام آباد (وے آوٹ نیوز) وفاقی وزیر مواصلات اور چیئرمین سماء ٹی وی عبدالعلیم خان نے حسب روایت ایک مرتبہ پھر سماء فیملی کو عید کی خوشیوں میں شامل کرتے ہوئے عیدالاضحی پر بونس دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ عیدالفطر کی طرح اس بار بھی سماء کے تمام ملازمین کو بونس ملے گا، جس نے خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔
عبدالعلیم خان نے سماء ہیڈ آفس کے دورے کے دوران نیوز ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہا، خاص طور پر پاک بھارت کشیدگی کے دوران قومی بیانیے کی موثر تشہیر پر ادارے کے کردار کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ انہوں نے ملازمین کو شاباش دی اور ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے بونس کا اعلان کیا۔
صدر پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن (PRA) پاکستان نے وے آوٹ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کی ورکر دوستی کو سراہا اور زور دیا کہ دیگر میڈیا اداروں کو بھی سماء ٹی وی کی تقلید کرنی چاہیے۔
صدر PRA نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے میڈیا ورکز اور اداروں کے معاملات پر غیر سنجیدہ رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی وی کی خراب مالی حالت اور ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا انڈسٹری اس وقت بحران کا شکار ہے جہاں کئی ادارے ملازمین کی کئی کئی ماہ کی تنخواہیں روک کر ان سے کام لے رہے ہیں۔ اس اندھیر نگری میں سماء ٹی وی، عبدالعلیم خان کی سرپرستی میں ایک روشن مثال بن چکا ہے۔
انہوں نے تمام میڈیا اداروں کے مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ عید پر بونس، بروقت تنخواہ اور ورکز کا احترام یقینی بنائیں اور عبدالعلیم خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے میڈیا انڈسٹری میں مثبت تبدیلی لائیں۔
سماء فیملی نے عبدالعلیم خان اور ان کے اہلخانہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اس فراخدلانہ سوچ کو سراہا۔